کویت اردو نیوز : ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ نیند کی کمی لوگوں کو کم مثبت محسوس کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔
یونیورسٹی آف ایسٹ اینگلیا کے محققین نے 50 سال سے زیادہ پر محیط 154 مطالعات کا جائزہ لیا۔ یہ نیند کی کمی کا مطالعہ سات سے 79 سال کی عمر کے 5000 سے زیادہ لوگوں پر کیا گیا۔
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ نیند کی کمی (ایک ایسی حالت جس میں لوگ معمول سے کم سوتے ہیں) لوگوں میں مثبت جذبات میں واضح کمی سے وابستہ ہے۔
اس کے علاوہ، نیند کی کمی بے چینی اور ڈپریشن کے زیادہ خطرات سے منسلک تھی، حالانکہ اثر بظاہر معمولی تھا۔
تحقیق کے سرکردہ مصنف، یونیورسٹی کے ڈاکٹر جو بوور کے مطابق، جب لوگ خوشگوار سرگرمیوں سے لطف اندوز نہیں ہوتے جیسے دوستوں کو دیکھنا یا کوئی پسندیدہ ٹی وی شو دیکھنا، تو ان میں ڈپریشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ لوگوں میں گھل مل نہیں سکتے اس لیے ان کے اکیلے رہنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ڈاکٹر جو بوور نے کہا کہ "ہمارے نیند سے محروم معاشرے میں، لوگ اکثر رات دیر تک جاگتے ہیں، لیکن یہ تجزیہ بتاتا ہے کہ کم نیند ان کے موڈ کو متاثر کرسکتی ہے”۔
یہ تحقیق جریدے سائیکولوجیکل بلٹ ان میں شائع ہوئی۔