کویت اردو نیوز : سعودی محکمہ موسمیات نے شمالی سرحدی علاقے میں ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا علاقہ شدید دھند کی لپیٹ میں ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق، محکمہ نے کہا ہے کہ "شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ ایک کلومیٹر تک کم ہو گئی ہے”۔
العوقلیہ کا علاقہ دھند سے زیادہ متاثر ہے جب کہ دیگر شہر بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔
محکمہ نے کہا ہے کہ "کچھ دیر بعد جب سورج گرم ہو جائے گا، دھند تھوڑی صاف ہو جائے گی، لیکن شام کے وقت حد نگاہ بہت محدود ہو جائے گی”۔
محکمہ نے شمالی سرحدی علاقے کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے علاقے تبوک میں شدید برف باری کے باعث اللوز پہاڑ نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے ، جس کیوجہ سے یہاں کا منظر انتہائی حسین و دلکش بن گیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد برف باری دیکھنے کیلیے اور موسم سے لطف اندوز ہونے کیلیے علاقے کا رخ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ اللوز پہاڑ پر ہر سال سردیوں کے موسم میں برف پڑتی ہے اور پہاڑ برف کی سفید چادر سے ڈھکا رہتا ہے، اس موسم میں سیاح بھی اس علاقے کا رخ کرتے ہیں۔