کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں ریاض ریجن کے حکام نے عدالت کے حکم پر ایک سعودی خاتون کو اپنے شوہر کو قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی ہے۔
خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ "سعودی خاتون ہادی بنت الحمدی المطیری نے اپنے شوہر حسن بن عیش المطیری کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا اور ان کی دولت چرا لی۔”
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ’پولیس نے خاتون کو حراست میں لے کر اس سے پوچھ گچھ کی جس پر اس نے اقبال جرم کیا‘۔
بیان میں کہاگیاہےکہ "عدالت نےقتل کےجرم میں سزائے موت سنائی تھی، جسکی توثیق پہلےاپیل کورٹ اورپھرسپریم کورٹ نےکی”۔
شاہی عدالت نےعدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم جاری کیا تھا جس پر پیر کو ریاض میں عمل درآمد کیا گیا۔
اس سے قبل سعودی عرب کے علاقے ریاض کے حکام نے اس سعودی شہری کو سزائے موت سنائی تھی ، جس نے اپنے بھائی کو گاڑی سے ٹکر مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری سلطان بن شبیب المصری الدوسری نے جان بوجھ کر اپنے بھائی پر گاڑی چڑھا دی، جس سے وہ ہلاک ہو گیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ سعودی شہری کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی۔
اپیل کورٹ اور بعد ازاں سپریم کورٹ نے فیصلہ برقرار رکھا۔ رائل ہاؤس نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم جاری کیا تھا جس پر منگل کو ریاض میں عمل درآمد کیا گیا۔