کویت اردو نیوز : مدینہ کی اپیل کورٹ نے مصری ڈرائیور کو خاتون کو ہراساں کرنے پر قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔
سبق نیوز کے مطابق مدینہ منورہ میں ایک مصری ڈرائیور (نجی بس ڈرائیور) نے خاتون سے نازیبا اشارہ کیا، جس پر خاتون نے اس کی ویڈیو بنا کر پولیس کو بھیج دی۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی مطالبہ کیا کہ ڈرائیور کے اس برے رویے کا فوری نوٹس لیا جائے اور اسے قرار واقعی سزا دی جائے۔
پولیس نے ویڈیو کی مدد سے بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ ملزم اقبال کو سزا سنانے کے بعد اس کا مقدمہ فوجداری عدالت میں بھیجا گیا جہاں اسے قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
ابتدائی عدالت نے ملزم کو چھ ماہ قید اور تین ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی۔ ابتدائی سزا کے خلاف اپیل دائر کی گئی جس پر اپیل کورٹ نے ابتدائی فیصلہ برقرار رکھا۔
اس سے قبل بھی سعودی دارالحکومت ریاض کی فوجداری عدالت نے ایک غیر ملکی ڈرائیور کو سعودی خاتون کو ہراساں کرنے اور موبائل فون پر نازیبا تصاویر بھیجنے کا جرم ثابت ہونے پر 4 سال قید اور 15 ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی تھی ۔
اخبار عکاظ کے مطابق سعودی خاتون نے پولیس کو شکایت کی تھی کہ پاکستانی ڈرائیور گھر سے دفتر جاتے ہوئے چھیڑخانی کا مرتکب ہوا تھا اور اس نے خاتون کا موبائل فون بھی اپنے قبضے میں لینے کی کوشش کی تھی ۔