کویت اردو نیوز : سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ حج 2024 کے دوران 35 سے زائد کمپنیاں عازمین کی خدمت کریں گی۔
الاخباریہ کے مطابق پیر کو حج و عمرہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ کانفرنس میں 80 سے زائد ممالک کے وزراء اور حکام شرکت کر رہے ہیں۔ حج انتظامات کے حوالے سے تمام شریک ممالک کے ساتھ معاہدے طے پا گئے ہیں۔
سعودی وزیر حج نے کہا کہ مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ ، عرفات) میں نئے انفراسٹرکچر کے قیام کے لیے پانچ ارب ریال سے زیادہ کے منصوبے متعارف کرائے گئے ہیں۔”
گزشتہ سال حج اور عمرہ کی خدمات فراہم کرنے والے 40 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تربیت دی گئی تھی جبکہ اس سال ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تربیت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ حجاج میں بیداری کی سطح کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ محکمہ اوقاف کے تعاون سے آگاہی مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہاہےکہ، "وزارت ان ممالک کےحجاج کی بھی خدمت کررہی ہے جنکی مملکت میں حج مشن نہیں ہیں۔”
وزارت نے گزشتہ سال حج پورٹل کے ذریعے 67 ممالک کو سہولت فراہم کی تھی۔ اس سال حج پورٹل کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔ 126 ممالک کو کم قیمت پر براہ راست معیاری خدمات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر حج کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے تیرہ ممالک کا دورہ کیا جس سے مسائل کو سمجھنے میں آسانی ہوئی۔
عمرہ زائرین کی آمد میں سہولت کے لیے 200 سے زائد نئے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ تمام خلیجی ممالک میں مقیم غیر ملکیوں کو سعودی عرب جانے اور عمرہ ادا کرنے کے لیے ای ویزا کی سہولت دی گئی ہے۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شراکت داروں کے ساتھ مل کر براہ راست پروازوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پہلے 164 ہوائی اڈوں سے پروازیں آتی تھیں۔ اب ان کی تعداد 216 ہو گئی ہے۔ اس میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ روٹ منصوبے سے اب تک آٹھ ممالک کے 617,000 عازمین مستفید ہو چکے ہیں۔ 2019 میں 85 لاکھ 50 ہزار عازمین باہر سے آئے تھے۔
رواں سال سہولیات میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد 1 کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس میں 58 فیصد اضافہ ہوا۔ تقریباً 50 لاکھ بزرگ عازمین تشریف لائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال بھی مدینہ منورہ میں عمرہ کانفرنس اور نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔
الاخباریہ کے مطابق سعودی وزیر حج کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب یہاں تاریخی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے‘۔ اب تک دس نئے تاریخی مقامات مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 18 سائٹس تیار کی گئی ہیں جو دیکھنے والوں کی معلومات میں اضافہ کریں گی۔ بارہ تاریخی مقامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ وزارت حج و عمرہ، محکمہ اوقاف ، ضیوف الرحمان پروگرام کے درمیان کانفرنس کے موقع پر حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
محکمہ اوقاف اور ام القری کمپنی کے درمیان 2.5 بلین ریال کی لاگت سے عازمین حج کی خدمت کے لیے کاروباری مراکز اور ہوٹل قائم کرنے کا معاہدہ بھی طے پایا۔
یاد رہے کہ کانفرنس کا افتتاح پیر کو مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے کیا۔