کویت اردو نیوز : میٹا نے واٹس ایپ چینلز کے لیے 2024 کا اپنا پہلا بڑا اپ ڈیٹ متعارف کرایا ہے۔
یاد رہے کہ واٹس ایپ نے جون 2023 میں چینلز کا فیچر متعارف کرایا تھا، جو ابتدائی طور پر چند ممالک تک محدود تھا، تاہم ستمبر میں اسے پاکستان سمیت دنیا بھرکےصارفین کیلیے متعارف کرایاگیا تھا۔
صارفین چینلز کے ذریعے اپنی پسندیدہ شخصیات، کھیلوں اور دیگر موضوعات پر اپ ڈیٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
نومبر میں میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے کہا تھا کہ صرف 7 ہفتوں میں واٹس ایپ چینلز استعمال کرنے والوں کی تعداد 500 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔
واٹس ایپ چینلز کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے میٹا نے اس میں مزید فیچرز شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میٹا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ چینلز میں وائس نوٹ، پول اور اضافی ایڈمن جیسے فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں۔
بیان کے مطابق اب واٹس ایپ چینل آپریٹرز اپنے فالوورز کے ساتھ وائس اپ ڈیٹ شیئر کر سکیں گے جس سے انگیجمنٹ میں اضافہ ہو گا۔
کمپنی کے مطابق واٹس ایپ صارفین کی جانب سے روزانہ 7 ارب صوتی پیغامات بھیجے جاتے ہیں۔
اسی طرح مختلف موضوعات پر رائے شماری کرانے کا آپشن بھی واٹس ایپ چینلز میں شامل کیا جا رہا ہے۔
فی الحال صارفین صرف چینلز میں ایموجیز کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کر سکتے ہیں۔
ایک اور نیا فیچر واٹس ایپ اسٹیٹس میں چینل اپ ڈیٹس کو شیئر کرنا ہے۔ یہ فیچر چینل ایڈمنز کو اپنے چینل کی تشہیر میں مدد دے گا۔
میٹا کے مطابق اب ایک چینل کو چلانے کے لیے 15 ایڈمنز کو شامل کرنا ممکن ہو گا، جس سے صارفین کے ساتھ اپ ڈیٹ شیئر کرنے کا عمل تیز ہو جائے گا۔