کویت اردو نیوز : سعودی حج وعمرہ اور زیارت کی قومی کمپنی کے رکن سعید باحشوان نے کہا ہے کہ تین مہینوں (رجب، شعبان اور رمضان) کے دوران عمرہ زائرین بڑی تعداد میں مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ عمرہ سیزن کے لحاظ سے یہ تین مہینے مصروف ترین ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعید باحشوان نے کہا کہ "270 عمرہ کمپنیاں اور ادارے عازمین کی آمد سے لے کر ان کی وطن واپسی تک خدمات فراہم کر رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ ترین قیادت نے ہدایت کی ہے کہ حجاج کرام کو مقدس شہروں میں بہترین ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں جس کی وزارت حج و عمرہ کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
عمرہ کمپنیاں اور ادارے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زائرین کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔دونوں شہروں کے ہوٹل غیر معمولی تعداد میں زائرین کی آمد کے ساتھ مصروف ہوں گے۔
اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ، ریستوران ، شاپنگ سینٹرز اور بازاروں میں بھی ہجوم ہوگا۔عمرہ زائرین اس سال بھی اپنے پیاروں کے لیے تحائف خریدنے کا اہتمام کریں گے۔
سعید باحشوان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان، بھارت، انڈونیشیا،تیونس، الجزائر، لیبیا، ترکی، مصر، ازبکستان، ملائیشیا اور دیگر ممالک سے زائرین عمرہ ادا کرنے مکہ مکرمہ آتے ہیں اور حرمین شریفین میں اپنی زندگی کے انمول روحانی لمحات گزارتے ہیں۔