کویت اردو نیوز، 13 اپریل: مکہ مکرمہ میں شدید گرمی کے باوجود مسجد الحرام کا فرش ٹھنڈا رہتا ہے اور بیشتر زائرین یہ سمجھتے ہیں کہ زیر زمین ایئرکنڈیشن سسٹم نصب ہے جو اسے ٹھنڈا رکھتا ہے تاہم حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔
سعودی عرب کے شاہ خالد بن عبدالعزیز نے تقریباً 48 برس قبل مسجد الحرام کی تعمیر و توسیع کے کام کی تکمیل کا حکم جاری کیا تھا اور ان کے عہد میں ہی مطاف میں توسیع کی گئی تھی جبکہ فرش تاسوس کے سنگ مرمر سے تیار کیا گیا تھا، جس سے دوپہر کے وقت طواف کرنے اور نماز ادا کرنے والوں کو سکون ملا۔
حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے ٹائلز میں ٹھنڈک کی خاصیت کی بڑی وجہ فرش میں استعمال ہونے والا خاص قسم کا سنگ مرمر ہے، جسے یونان کے جزیرے تاسوس سے درآمد کیا جاتا ہے اور یہ نایاب قسم کا پتھر یونان کے ایک پہاڑ سے نکالا جاتا ہے
اس منفرد قسم کے اس سنگ مرمر کی موٹائی تقریباً 2 انچ ہے اور یہ رات کے وقت رطوبت جذب کرنے کی خاصیت رکھتا ہے جبکہ رات میں جذب کی گئی رطوبت دن کے وقت خارج کرتا ہے جس کی وجہ سے فرش ٹھنڈا رہتا ہے۔