کویت اردو نیوز : اگر آپ ای میلز کے لیے گوگل کی جی میل سروس استعمال کرتے ہیں، تو آپ کو نیا اضافہ پسند آئے گا۔
گوگل اینڈرائیڈ فونز کے لیے جی میل ایپ میں ہیلپ می رائٹ فیچر کو بہتر بنا رہا ہے۔ یہ فیچر مصنوعی ذہانت (AI) ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ای میلز کو ڈرافٹ کرنے میں مدد کرتا ہے۔ فی الحال، صارفین AI بوٹ کو تحریری ہدایات دے کر اپنی مرضی کے مطابق ای میلز لکھتے ہیں۔
لیکن مستقبل قریب میں آپ کو کی بورڈ کو چھونے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ آپ یہ کام صرف بولنے سے کر سکیں گے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق جی میل ایپ میں ایک نئے فیچر کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ڈرافٹ ای میل ود یور وائس نامی اس فیچر کے ساتھ، آپ ای میل کے لیے ہدایات بول سکیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے جی میل ایپ میں ایک AI بوٹ شامل کیا جائے گا جو آڈیو ہدایات کو مدنظر رکھے گا اور ای میل کا مسودہ تیار کرے گا۔
جب آپ کوئی نیا ای میل لکھنا شروع کریں گے یا ای میل کا جواب دیں گے تو وائس ٹائپنگ انٹرفیس خود بخود اسکرین پر ایک بڑا مائک بٹن کھول دے گا۔ اس بٹن پر کلک کرنے سے آپ اپنی ہدایات ریکارڈ کریں گے اور پھر Create بٹن پر کلک کریں گے تاکہ AI ٹیکنالوجی ای میل کا مسودہ تیار کر سکے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ گوگل اس فیچر کو اینڈرائیڈ فونز پر جی میل ایپ میں کب متعارف کرائے گا۔
ابھی، ہیلپ می رائٹ فیچر بھی امریکہ میں گوگل ورک اسپیس لیبز کے صارفین تک محدود ہے اور صرف انگریزی ہدایات کے ساتھ کام کرتا ہے۔