کویت اردو نیوز : 2716.5 فٹ لمبی اور 163 منزلہ برج خلیفہ دنیاکی بلند ترین عمارت ہے جو اپنی مثال آپ ہے لیکن ان دنوں بھارت کے شہر بہار کا برج خلیفہ بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ یہ 6 فٹ پر تعمیر کیا گیا ہے ۔
حال ہی میں بہار کے مظفر پور سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں 6 فٹ زمین پر بنائی گئی 5 منزلہ عمارت نے سب کو حیران کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ عمارت گنی پور میں واقع ہے جو کہ صرف 6 فٹ زمین پر بنائی گئی ہے جب کہ گھر کی چوڑائی صرف 5 فٹ ہے۔
سوشل میڈیا بلاگرز اس عمارت کو بہار کا ‘برج خلیفہ’ یا بہار کا ‘ایفل ٹاور’ کہہ رہے ہیں، یہی نہیں بلکہ اس عمارت کا موازنہ تاج محل سے بھی کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ عمارت سیاحوں کی توجہ کا مرکز بھی ہے۔ بہار آنے والے سیاح عمارت میں تصویریں لینا نہیں بھولتے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 5 منزلہ عمارت کی تعمیر اس طرح کی گئی ہے کہ بہت کم جگہ ہونے کے باوجود اس میں کچن، باتھ روم اور بیڈ روم سمیت تمام سہولیات موجود ہیں۔ عمارت کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلے حصے میں سیڑھیاں اور دیگر کمرے بنائے گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ عمارت سنتوش نامی شخص نے 2015 میں اپنی بیوی کے لیے بنوائی تھی، جوڑے نے شادی کے بعد 6 فٹ زمین خریدی تھی۔ چھوٹی جگہ کی وجہ سے مالک سنتوش نے ایک انجینئر سے ملاقات کے دوران اس عمارت کو بنانے کا فیصلہ کیا اور نقشہ منظور کر لیا گیا۔
کہا جاتا ہے کہ یہ عمارت فی الحال تجارتی بنیادوں پر کرائے پر دی گئی ہے لیکن اپنی انفرادیت کی وجہ سے سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔