کویت اردو نیوز : وفاقی وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ عازمین حج کے لیے تربیتی شیڈول تیار کرلیا گیا ہے اور 69 ہزار سرکاری عازمین کی تربیت 12 فروری سے ملک کے 7 حج کیمپوں میں شروع ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق نئے تربیتی نصاب میں مناسک حج کے ساتھ نظم و ضبط اور انتظامی امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور 12 فروری سے ضلعی سطح پر تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کا دوسرا مرحلہ رمضان المبارک کے بعد شروع ہوگا، عازمین حج اپنے قریبی مقامات پر ہونے والی حج تربیتی ورکشاپس میں شرکت کریں گے، عازمین کو موبائل میسج اور حج ایپ کے ذریعے تربیتی شیڈول سے آگاہ کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ تربیتی ورکشاپ میں وزارت مذہبی امور کے 90 افسران اور اہلکاروں کو نئے تربیتی نصاب کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور تربیتی نصاب کو وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن احمد ندیم خان، ڈی جی سید مشاہد حسین خالد ، چیف ٹرینر ناصر عزیز خان نے حتمی شکل دی۔
شیڈول کے مطابق 12 فروری سے مختلف اضلاع کے 7 حج کیمپوں سے حج تربیت کا آغاز ہوگا۔
چیف ٹرینر ناصر عزیز خان نے بتایا کہ تربیتی پروگرام میں ‘پاک حج’ موبائل ایپ، حج کی تیاری، مناسک حج، حج کی مشکلات اور عام ہدایات شامل ہیں۔ ماڈل ٹینٹ تیار کر لیے گئے ہیں اور دو مرحلوں میں 69 ہزار سرکاری عازمین کو تربیت دی جائیگی