کویت اردو نیوز : سعودی عرب کی آبادی کی افرادی قوت اور سماجی بہبود کی وزارت نے کہا ہے کہ ملازمین کا سالانہ بنیادوں پر طبی معائنہ کروانے کی ذمہ داری آجر کی ہے۔
مملکت میں مزدور قانون کے مطابق مزدوروں کو مقررہ ضوابط کے مطابق طبی سہولیات فراہم کرنا آجر کی ذمہ داری ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق آبادی کی افرادی قوت اور سماجی بہبود کی وزارت کے ایکس اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ قانون کے آرٹیکل 144 کے مطابق ملازمین کو طبی سہولیات اور بروقت علاج فراہم کرنا آجر کی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔
واضح رہے کہ لیبر لا کے مطابق مزدوروں کا سالانہ بنیادوں پر طبی معائنہ بھی آجر یا ادارے کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
خاص طور پر ایسے پیشوں میں کام کرنے والے جن کی صحت پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ان کارکنوں کا سالانہ بنیادوں پر طبی معائنہ کرنا ضروری ہے۔
وزارت کے قانون کے مطابق کارکنوں کے سالانہ طبی معائنے کی فائل تیار کرنا بھی ضروری ہے جس سے وزارت کسی بھی وقت انکوائری کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں افرادی قوت کی وزارت کے قانون کے مطابق ورکرز کا اقامہ جاری رکھنے یا اس کی تجدید کے لیے میڈیکل انشورنس لینا ضروری ہے جس کی تمام تر ذمہ داری آجر کی ہے۔