کویت اردو نیوز: ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی منگل سے شروع ہونے والے اپنے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات میں پہلے مندر کا افتتاح کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے گزشتہ 8 ماہ میں اپنے تیسرے اور 2015 کے بعد ساتویں سرکاری دورے پر منگل کو ابوظہبی پہنچیں گے۔
اس دو روزہ دورے میں بھارتی وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور نائب صدر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے اورابوظہبی میں مشرق وسطیٰ کےپہلےمندرکا افتتاح کریں گے۔
اس مندر کی تعمیر کا فیصلہ 2015ء میں بھارتی وزیر اعظم کے یو اے ای کے دورے کے دوران لیا گیا تھا۔ مندر کے لیے 13.5 ایکڑ (55 ہزار مربع میٹر) زمین اسوقت کےولی عہد اور موجودہ صدرمحمد بن زیدالنہیان نےبطورتحفہ فراہم کی تھی۔
اس مندر کی تعمیر کا سنگ بنیاد 21 اپریل 2019 کو سوامی نارائن سنستھا کے روحانی پیشوا مہنت سوامی مہاراج شیلانیاس ودھی نے متحدہ عرب امارات کے حکام کی موجودگی میں رکھا تھا۔
مندر کی 7 چوٹیاں متحدہ عرب امارات کے 7 امارات کی نمائندگی کرتی ہیں۔ اس مندر کی تعمیر میں استعمال ہونے والے سینکڑوں ٹن پتھروں کو ہندوستان کے ہنر مند کاریگروں نے کاٹا اور پھر متحدہ عرب امارات بھیج دیا گیا۔
مندر کے لیے چنے گئے پتھروں کا تعلق راجستھان سے تھا، جس کی خاصیت یہ ہے کہ شدید گرمی میں بھی ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔
مندر کی لمبائی 262 فٹ، چوڑائی 180 فٹ اور اونچائی 108 فٹ ہے جب کہ اس میں 410 ستون، 12 اہرام کی چوٹیاں، 2 گنبد ہیں۔ مندر کی تعمیر اس طرح کی گئی ہے کہ یہ 7 شدت کے زلزلے سے متاثر نہیں ہوگا۔
اپنے دورے کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2024 میں بھی شرکت کریں گے جس میں ترکی اور قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک کے سربراہان کی بھی شرکت متوقع ہے۔
ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات حالیہ برسوں میں نمایاں طور پر بڑھے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان یکم مئی 2022 کو جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (CEPA) میں داخل ہونے کے بعد سے دو طرفہ تجارت $85 بلین تک پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات 2022-23 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے ہندوستان میں سرفہرست 4 بڑے سرمایہ کار ممالک میں شامل ہے۔