کویت اردو نیوز : سعودی آرکیالوجی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جنوبی علاقے عسیر کے جرش کمشنریٹ میں ایک بڑے علاقے میں آثار قدیمہ دریافت ہوئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ایجنسی "ایس پی اے” کے مطابق حال ہی میں دریافت ہونے والی باقیات رہائشی مرکبات کی شکل میں ہیں۔ گھروں کی دیواریں پتھروں اور گارے سے بنی تھیں۔
یہ باقیات پچھلی مہم کے دوران سائٹ کے شمال میں دریافت ہونے والوں کا تسلسل ہیں۔
اس مقام پر کام کرنے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ دریافت ہونے والی باقیات میں اس دور کا ایک قدیم آبپاشی کا نظام بھی ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اس عرصے میں رہائشی علاقے میں پانی لایا جاتا تھا۔
دریافت شدہ یادگاروں میں شہری آبادی کو پانی کی فراہمی کے لیے ایک کنواں بھی بنایا گیا تھا جو کئی آبی گزرگاہوں سے منسلک تھا۔
اس کے علاوہ مہم میں ایک گرینائٹ پتھر بھی دریافت ہوا ہے، جس پر تین سطروں پر مشتمل اسلامی تحریر بنی تھی۔
مزید پڑھیں: جدہ میں خلفائے راشدین کےزمانےکی آثار قدیمہ کی دریافت
اس مقام سے بڑی تعداد میں روزمرہ کے استعمال کے نوادرات بھی دریافت ہوئے ہیں جن میں مٹی کے برتن اور صراحیاں بھی شامل ہیں۔