کویت اردو نیوز : قانونی ماہر نہار الحمادی کا کہنا ہے کہ فوائد حاصل کرنے کے لیے معذور ہونے کا بہانہ کرنا ایک جرم ہے جس کی سزا 500,000 ریال تک جرمانہ اور 2 سال تک قید ہے۔
عاجل نیوز کیمطابق ملک کےمعروف قانون دان الحمادی نےسعودی ٹی وی "الاخباریہ” سے گفتگو کرتےہوئے کہاہے کہ سرکاری اداروں کیجانب سے معذورافرادکو دی جانےوالی خصوصی مراعات کا غلط استعمال درست نہیں ہے۔
وہ افراد جو محض مراعات حاصل کرنے کے لیے معذور ہونے کا ڈرامہ کرتے ہیں وہ قانون شکنی کے مجرم ہیں۔ ایسے افراد کو قانون کے مطابق دھوکہ دہی کی سزا دی جاتی ہے۔
قانونی ماہر کا مزید کہنا تھا کہ ‘جعل سازی پر مالی جرمانے کے علاوہ دو سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ متعلقہ ادارے کی جانب سے ایسے افراد کی مکمل چھان بین کی جاتی ہے جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں معذور افراد کے لیے مختلف مراعات مقرر کی گئی ہیں۔ جسمانی معذوری کی صورت میں انہیں حکومت سے خصوصی وظیفہ بھی ملتا ہے۔ اس کے علاوہ ایسے لوگوں کو روزگار فراہم کرنے والی تنظیموں کی رینکنگ بھی بہتر ہوتی ہے۔
محکمہ ٹریفک معذور افراد کے لیے سرکاری اداروں یا عوامی مقامات پر پارکنگ کی خصوصی سہولیات بھی فراہم کرتا ہے۔ ٹریفک قوانین کے مطابق ناکارہ گاڑیوں کے لیے خصوصی پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں۔