کویت اردو نیوز : انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے فٹبالر ہلاک ہوگیا۔
مانچسٹر یونائیٹڈ فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے فٹبالر کے ایکس اکاؤنٹ فین پیج پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فٹبال کا میچ جاری ہے کہ اس دوران اچانک فٹبال کھلاڑی پر آسمانی بجلی گرگئی جس کے باعث وہ گر گیا۔
یہ واقعہ 10 فروری کو انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کے سولیوانگی اسٹیڈیم میں 2 مقامی فٹبال ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ کے دوران پیش آیا۔ میچ میں بمشکل 15 منٹ گزرے تھے کہ موسم خراب ہونا شروع ہو گیا۔ اگرچہ بارش نہیں ہو رہی تھی لیکن آسمان ابر آلود ہونا شروع ہو گیا تھا۔
پھر پہلی بار بجلی گری۔ اس وقت کوئی حادثہ نہیں ہوا تھا لیکن اگلے ہی سیکنڈ میں بجلی پھر چمکی اور اس بار اس نے فٹبالر کو لپیٹ میں لے لیا۔
آسمانی بجلی گرنے سے فٹبالر زمین پر گر گیا، دیگر کھلاڑیوں نے اسے طبی امداد کے لیے سارنگسا اسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔