کویت اردو نیوز : فضائی آلودگی کے جسمانی صحت پر متعدد منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور ماہرین نے ایک اور بڑا نقصان دریافت کیا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہےکہ ٹریفک سے ہونے والی فضائی آلودگی ڈیمنشیا جیسی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔
ایموری یونیورسٹی کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کار کے اخراج میں موجود ذرات دماغ میں پروٹین کی مقدار کو بڑھاتے ہیں جو الزائمر کی بیماری سے جڑا ہوا ہے۔
تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ فضائی آلودگی کے چھوٹے ذرات کے اثرات لوگوں کے دماغ پر پڑتے ہیں۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ فضائی آلودگی دنیا بھر میں لوگوں کی صحت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
اس مقصدکیلیے 224 متوفی افرادسےدماغی بافتوں کاتجزیہ کیاگیا،جن میں سے 90 فیصد ڈیمنشیا سے متعلق عارضےمیں مبتلاتھے۔ محققین نے ان افراد کے گھروں میں ٹریفک سے خارج ہونے والے ذرات کی شرح کو بھی جانچا۔
محققین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے سے دماغ میں امائلائیڈ پروٹین کی مقدار بڑھ جاتی ہے جسے الزائمر کی بیماری کا سبب سمجھا جاتا ہے۔ نتائج سے یہ بھی معلوم ہوا کہ الزائمر کے مرض کے کیسز ان علاقوں میں بڑھتے ہیں جہاں ٹریفک سے فضائی آلودگی کی شرح زیادہ ہوتی ہے۔