کویت اردو نیوز : رمضان المبارک کے دوران مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مسجد قبا جانے کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ سروس کا آغاز کردیا گیا ۔
مقدس شہر کے مختلف مقامات سے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مسجد قبا جانے کے لیے 7 پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔
بس سروس ماہ رمضان میں سہ پہر 3 بجے سے نماز تراویح کے بعد تک جاری رہے گی۔ آخری عشرے میں خدمت کا وقت تہجد سے آگے بڑھا دیا جائے گا۔
سعودی عرب میں مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم اور مسجد قبا کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جائے گی۔
سعودی الاخباریہ چینل کے مطابق مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے میں خدا کے مہمانوں کی سہولت کیلیے جدید ترین سہولیات سے آراستہ 200 بسیں مختص کی گئی ہیں۔
مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کے لیے 6 پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں، جن میں استاد الریاضی، دار المدینہ، اسلامی یونیورسٹی، الخالدیہ ، سید الشہداء اور الشاطیہ کے علاقے شامل ہیں، جب کہ بسیں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم سے چلیں گی جب کہ ساتویں سٹیشن مسجد قبا کےقریب العالیہ مول کی پارکنگ سےبسیں چلائی جائیں گی۔
اس کے علاوہ شہر کے دیگر حصوں تک پہنچنے کے لیے مختلف علاقوں میں 98 پبلک ٹرانسپورٹ بس اسٹاپ قائم کیے گئے ہیں۔