کویت اردو نیوز : جوہری ہتھیاروں پر نظر رکھنے والے سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے کہا کہ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ، روس ، چین مزید جوہری تجربات کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، جب کہ پاکستان اور بھارت بھی مزید جوہری تجربات کر سکتے ہیں۔
بلیٹن آف اٹامک سائنٹسٹس کی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے ایک اور ایٹمی تجربے کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔ شمالی کوریا واحد ملک ہے جس نے اکیسویں صدی میں ایٹمی تجربہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جوہری طاقتیں اپنے جوہری ہتھیاروں کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہی ہیں۔ امریکہ نے نیواڈا میں نیوکلیئر ٹیسٹنگ سائٹ کی توسیع شروع کر دی ہے۔
سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق زیر زمین تجربات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
یورپی پارلیمنٹ کے مشیر فرانسوا ڈیاز مورین کا کہنا ہے کہ جامع نیوکلیئر ٹیسٹ بان ٹریٹی (CTBT) کے تحت جوہری تجربات پر پابندی ہے، لیکن تین بڑی ایٹمی طاقتیں (امریکہ، روس ، چین) مزید جوہری ہتھیار تیار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔
شمالی کوریا اب تک 6 ایٹمی تجربات کر چکا ہے جب کہ پاکستان اور بھارت نے جامع نیوکلیئر ٹیسٹ پابندی کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں۔ بھارت نے 11 مئی 1998 اور پاکستان نے 29 مئی 1998 ء کو ایٹمی تجربات کیے تھے۔
رپورٹ کے مطابق علاقائی صورت حال میں تبدیلی کی صورت میں اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جنوبی کوریا اور سعودی عرب بھی جوہری تجربات کے راستے پر چل سکتے ہیں۔
دی بلیٹن آف دی اٹامک سائنٹسٹس کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایران تکنیکی طور پر بھی تجربات کرکے نیوکلیئر کلب میں داخل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔