کویت اردو نیوز : مسواک سانس کی بدبو کی مخصوص اقسام کو روکنے اور خوشبو پھیلانے کے لیے حیرت انگیز کام کرتی ہے۔ مسواک دانت صاف کرنے کا قدرتی برش ہے۔ یہ انسانی صحت کے لیے کئی طرح سے فائدہ مند ہے اور منہ میں خوشبو بھی پیدا کرتا ہے۔
ریاض میں ایک دندان ساز ڈاکٹر عائشہ علی احمد نے مسواک کے فوائد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ‘مسواک سانس کی بو کو دور کرتی ہے، ذائقہ کی حس کو بہتر بناتی ہے، دانتوں کو موتیوں کی طرح چمکاتی۔ہے، یادداشت کو تیز کرتی ہے، بینائی کو مضبوط کرتی ہے۔ ہاضمے میں مدد کرتی ہے اور آواز کو بھی شفاف بناتی ہے۔’
جنوبی ایشیا میں نیم کا درخت مسواک کا سب سے مقبول ذریعہ ہے، جبکہ زیتون کی ٹہنیاں بھی مسواک بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
سائنسی شواہد سے ثابت ہوا ہے کہ مسواک میں دواؤں کی خصوصیات ہوتی ہیں جو مسوڑھوں سے خون بہنے، دانتوں کی خرابی ، بیکٹیریا کو کم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔
مسواک میں موجود جراثیم کش قدرتی ادویات منہ میں موجود نقصان دہ مائکروجنزموں کو مار دیتی ہیں، مسواک مسوڑھوں کو بیماریوں سے بچاتی ہے اور منہ میں خوشبودار لعاب کی مقدار بڑھاتی ہے۔
کنگ سعود یونیورسٹی میں دندان سازوں کے ایک پینل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ مسواک کو بار بار چبانے سے منہ میں تھوک بڑھتا ہے، جو مسواک کے اثر کے ساتھ مل کر دانتوں کے داغوں کو دور کرتا ہے۔
تحقیق میں مسواک میں پائے جانے والے 19 قدرتی مادوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو دانتوں کی صحت کو فائدہ پہنچاتے ہیں، جو منہ کی صفائی اور دانتوں کی حفاظت کیلیے فائدہ مند ہیں۔