کویت اردو نیوز : امور حرم کی پبلک پریزیڈنسی نے مسجد حرام میں نمازیوں اور زائرین کی سہولت کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے آلات کا استعمال شروع کر دیا ہے۔
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مسجد حرام جانے والوں کے لیے مذہبی خدمات کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے روبوٹک ڈیوائسز کو فعال کر دیا گیا ہے جو عمرہ زائرین کی خود بخود رہنمائی کر سکیں گے۔
گائیڈ روبوٹ عربی، انگریزی،اردو، چینی، بنگالی فرانسیسی، روسی، ترکی، مالی،فارسی، اور ہاؤسا زبانوں سمیت (11) زبانوں کو سپورٹ کرتا ہے۔ روبوٹ میں 21 انچ کی ٹچ اسکرین ہے۔ اسے مسجد حرام کے زائرین کو دلچسپی کی مختلف خدمات فراہم کرنے، مذہبی رہنمائی، مسجد حرام کے مختلف مقامات و راستوں کے بارے میں آگاہی اور معلومات فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ان سے عبادت کے مسنون طریقوں کے بارے میں متعدد زبانوں میں قرآن و سنت کی تعلیمات کے بارے میں جاننے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ روبوٹ سسٹم نہ صرف جواب دیتا ہے بلکہ مذہبی معاملات پر مختلف نامور علماء کی آراء سے رہنمائی بھی کرتا ہے۔
حرمین شریفین کے مذہبی امور کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال، ڈیجیٹل الیکٹرانک ایپلی کیشنز میں سرمایہ کاری اور مصنوعی ذہانت حرمین کی صدارت کے منصوبے کے ستونوں میں شامل ہیں تاکہ زائرین کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے۔