کویت اردو نیوز 31 مارچ: سعودی عرب میں خریداری مراکز اور مالز کو رمضان کے دوران 24 گھنٹے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلطنت سعودی عرب میں وزارت بلدیہ، دیہی امور اور رہائش کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران شاپنگ سینٹرز اور مالز کے اندر دکانوں میں کام کے اوقات میں 24 گھنٹے کی توسیع کی اجازت ہے جبکہ وزارت نے ریستورانوں میں سحر و افطار کی معطلی پر بھی زور دیا ہے۔
مندرجہ بالا فیصلہ رمضان کے مہینہ اور عید الفطر کی آمد پر بلدیاتی نظام میں احتیاطی تدابیر کے ایک حصے کے طور پر سامنے آیا ہے جس کا اعلان وزارت نے گزشتہ روز کیا تھا جبکہ اس میں فیلڈ نگرانی کو دوگنا کرنا اور احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت کے بارے میں مسلسل آگاہی شامل ہے۔
دوسری جانب سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ماہ رمضان کے لیے کام کرنے کے اوقات (ڈیوٹی ٹائمنگ) 5 گھنٹے مقرر کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں رمضان کے مقدس مہینے کے لیے کام کے اوقات روزانہ صبح 10 سے سہ پہر 3 بجے تک ہوں گے۔ وزارت افرادی قوت کے مطابق رمضان المبارک کے دوران دفاتر میں حاضری دینے والوں کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
- پہلا گروپ صبح 9:30 سے 02:30 بجے تک ڈیوٹی انجام دے گا۔
- دوسرا گروپ صبح 10:30 سے 3:30 بجے تک۔
- تیسرا گروپ 11:30 سے 4:30 بجے تک ڈیوٹی انجام دے گا۔
خیال رہے کہ وزارت افرادی قوت نے مملکت میں سرکاری اداروں میں پہلے ہی ایک لچک دار ڈیوٹی نظام نافذ کیا ہے جو دفاتر میں حفاظتی تدابیر پر مشتمل ہے جس کا مقصد کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔
لچک دار ڈیوٹی نظام کے تحت آن لائن کام کرنے والے ملازمین کا تناسب 25 فی صد رکھا گیا ہے نیز وہ افراد جنہیں کورونا وائرس لگنے کا زیادہ خطرہ لاحق رہتا ہے ان پر آن لائن ڈیوٹی انجام دینے کی پابندی ہے۔