کویت اردو نیوز : سعودی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ مملکت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو آسان کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی کمپنیوں کے علاقائی ہیڈ کوارٹر کھولنے کے لیے وزارت سرمایہ کاری سے لائسنس حاصل کیا جاتا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ‘ایس پی اے’ کے مطابق وزارت تجارت نے سرمایہ کاری کے تعاون سے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم لانچ کیا ہے جس پر اکاؤنٹ بنانے کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مملکت میں اپنی کمپنی کا علاقائی ہیڈ کوارٹر کھولنے کی سہولت میسر ہوگی۔
وزارت تجارت نے ڈیجیٹل خدمات تک رسائی کے لیے https://mc.gov.sa/ar/eservices/Pages/default.aspx لنک جاری کیا ہے۔
وزارت تجارت نے مزید کہا ہے کہ مذکورہ لنک کے ذریعے بیرون ملک واقع غیر ملکی کمپنیاں مملکت میں اپنا علاقائی ہیڈ کوارٹر کھولنے کے لیے لائسنس حاصل کر سکتی ہیں۔
مندرجہ بالا لنک کے ذریعے، جہاں کمرشل رجسٹریشن (CR) کے اجراء کی سہولت فراہم کی گئی ہے، وہاں CR کی تجدید کے علاوہ، کوئی اپنا برانڈ بھی رجسٹر کروا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی اس حوالے سے بہت سی مراعات حاصل ہیں، اس کے علاوہ ان کے قانونی اور تجارتی اجازت ناموں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔