کویت اردو نیوز 10 مئی: کویت کی وزراء کونسل نے عید کے پہلے دن سے جزوی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں دو ماہ سے زیادہ نافذ رہنے والے دوسرے جزوی کرفیو کے فیصلے جو 6 مارچ سے نافذ ہوا تھا کو حکومت کویت نے عید کے پہلے دن ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے روزنامہ القبس کو بتایا کہ کونسل جلد ہی فیصلوں کا اطلاق کرےگی جس میں زیادہ تر سرگرمیوں اور ریستورانوں کی بحالی سمیت شیشہ (حقہ) کے علاوہ کیفوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔
کورونا کمیٹی نے اپنی سفارشات وزراء کونسل کو پیش کی تھیں جس میں سب سے نمایاں چیز ملک میں وبائی امراض کی صورتحال میں بہتری کے بعد عائد پابندی کی منسوخی تھی جبکہ حفاظتی ویکسین لینے والوں کی تعداد 1.5 ملین سے تجاوز کر چکی تھی۔
کمیٹی نے احتیاطی تدابیر لگانے کے ساتھ تمام ریستورانوں اورکیفوں کو کھولنے کی سفارش کی ہے۔ دوسری جانب اس بات کا بھی اشارہ کیا گیا کہ موجودہ صورتحال میں ویکسین نہ لگوانے والوں کو ریستورانوں و کیفوں میں داخل ہونے سے روکنا ممکن نہیں ہے جبکہ یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب تک کہ بچوں کو ویکسین لگوانے کے علاوہ ویکسین حاصل کرنے والوں کی تعداد کل آبادی کا 60 فیصد نہ ہو جائے۔