کویت اردو نیوز 15جون: سعودی عرب میں اکاؤنٹنگ کے شعبے میں مقامی شہریوں کے لیے 9800 ملازمتیں مختص کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے نجی شعبےکی نمائندگی کرنے والے پانچ اداروں میں اکاؤنٹنگ کے پیشے کو مقامی شہریوں کے لیے 30 فی صد ملازمتیں مختص کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے نتیجے میں اس شعبے میں ملازمت کے نو ہزار 800 مواقع پیدا ہوں گے۔ وزارت میں پیشہ ور افراد کی خودکار کوڈنگ کے مطابق وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے مقامی شہریوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے اکاؤنٹنگ پیشوں کی 20 اقسام میں درجہ بندی کی ہے۔
مقامی شہریوں کو روزگار کی فراہمی کے سلسلہ میں مالیاتی اور اکاؤنٹنگ امور کے ڈائریکٹر ، اکاؤنٹس اور بجٹ کے ڈائرکٹر ، محکمہ مالیاتی رپورٹس کے ڈائریکٹر ، زکوٰ اور ٹیکس محکمہ کے ڈائریکٹر ، محکمہ داخلہ آڈٹ کے ڈائریکٹر ، جنرل آڈٹ شعبہ کے ڈائریکٹر ، اندرونی آڈٹ پروگرام کے سربراہ ، مالیاتی کنٹرولر ، اندرونی آڈیٹر ، سینیر مالیاتی آڈیٹر ، جنرل اکاؤنٹنٹ ، کاسٹ اکاؤنٹنٹ ، آڈیٹر ، جنرل اکاؤنٹس ٹیکنیشن ، آڈٹ ٹیکنیشن ، کاسٹ اکاؤنٹ ٹیکنیشن ، مالیاتی آڈٹ سپروائزر ، کلرک ، فنانس کلرک ، بک کیپنگ کلرک کے شعبے کی ملازمتیں شامل ہیں۔
فیصلے میں شرط رکھی گئی ہے کہ اکاؤنٹنٹ کی ملازمت کے حصول کے لیے سعودی تنظیم برائے اکاؤنٹنٹ سے پیشہ ورانہ منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ فیصلے میں یہ بھی عزم کیا گیا ہے کہ سعودی گریجویٹ اکاؤنٹنٹ کی تنخواہ کم سے کم 6000 ریال اور ڈپلومہ ہولڈر کی کم سے کم 4500 ریال ہونی چاہیے۔