کویت اردو نیوز 13 اپریل: افطار میں سب سے زیادہ کھائی جانے والی فروٹ چاٹ کو دیکھ کر ہی روزے دار خود کو بہتر اور توانا محسوس کرنے لگتاہے۔
فروٹ چاٹ میں کئی پھل شامل کیے جاتے ہیں جن میں سیب ، کیلا ، آم ، خربوزہ اور دیگر شامل ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کی جانب سے ویسے تو فروٹ چاٹ کے بہترین غذا قرار دیا جاتا ہے لیکن اس میں چند پھل شامل کرنے سے بیماری کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ غذائی ماہرین کے مطابق اگر ماہ رمضان میں پورا مہینہ فروٹ چاٹ کھائی جائے تو عید تک چہرے پر رونق، جِلد صحت مند اور ناخنوں اور بالوں کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔
غذائی ما ہرین نے کچھ پھلوں کو ایک ساتھ کھانے سے منع کیا ہے جو کہ مندرجہ ذیل درج ہیں:
غذائی ماہرین نے تربوز کو پھلوں کی چاٹ میں شامل کرنے سے منع کیاہے کیونکہ اس میں وافر مقدار میں پانی شامل ہوتا ہے۔ تربوز اور پانی کے ایک ساتھ استعمال سے ہیضہ ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔عموماً روزے دار جیسے ہی روزہ کھولتے ہیں وہ سب سے پہلے کھجور کے ساتھ ایک گلاس پانی پیتا ہے، اس کے بعد جب یہ فروٹ چاٹ کھائی جاتی ہے تو اس میں موجود تربوز ہیضہ ہونے کا سبب بن سکتا ہے اس لیے تربوز کو فروٹ چاٹ میں شامل کرنے کے بجائے افطاری کے بعد بھوک محسوس ہونے پر کھائیں۔ غذائی ماہرین مزید بتاتے ہیں کہ اگر دسترخوان پر لسی یا دودھ سے بنی کوئی اور غذا بھی موجود ہے تو اس دن کیلے کا استعمال فروٹ چاٹ میں نہ کریں ایسا کرنے سے پیٹ خراب اور طبیعت گھنٹوں بوجھل ہو سکتی ہے۔