اونٹ ایک ایسا بےمثال صحرائی جانور ہے جو کہ صحرا کے سخت ترین موسم میں کھائے پیے بغیر بھی گزارا کرسکتا ہے۔ خشک سالی کے دوران اسکے دودھ میں حیرت انگیز طور پر ایسی کیمیائی تبدیلی رونما ہوتی ہیں جس سے اس کے غذائی فوائد میں کئی گناہ اضافہ ہو جاتا ہے۔
قرآن مجید میں بھی کئی مقامات پر اونٹ کی اہمیت کا ذکر کیا گیا ہے جبکہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم بھی اونٹ کا دودھ نہایت شوق سے استعمال کرتے ہیں۔ کیونکہ وہ افراد جو کہ صحرا میں مقیم ہیں یا پھر صحرا میں رہائش رکھتے ہیں ان کیلئے اونٹ کا دودھ کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ ذیل میں اسکے چند فوائد پیش خدمت ہیں۔
1۔ ذیابیطس کے مریض اور اونٹنی کا دودھ:
ذیابیطس کے مریضوں میں انسولین کم مقدار میں تشکیل پاتی ہیں۔ جس کی وجہ سے ان مریضوں کو عام طور پر ادویات کی لینا پڑتی ہیں۔ ذیابیطس کے مریضوں کیلئے اونٹنی کا دودھ کسی نعمت سے کم نہیں ہے کیونکہ اس میں یہ قدرتی طور پر موجود ہوتا ہے اگر ذیابیطس کے مریضوں کو یہ پلایا جائے تو اس سے ان کے مرض میں کافی افاقہ ہوتا ہے۔
2۔ یرقان اور جگر کیلئے فائدے مند:
اونٹنی کا دودھ یرقان اور جگر کے کینسر میں بھی کافی مفید ہے۔ اونٹنی کے دودھ میں نیوٹرسیوٹیکل اجزاء میں لیکٹوفران ہیں اور یہ یرقان کے مریضوں کیلئے انتہائی مفید قرار دیئے جاتے ہیں۔ یرقان اورجگر کے کینسر کی صورت میں بھی جگر سست روی کا شکار ہو جاتا ہے ایسے میں اونٹنی کا دودھ اسے فعال کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
3۔ دل کے امراض میں معاون:
اونٹنی کا دودھ دل کے مریضوں کیلئے بھی انتہائی معاون شمار کیا جاتا ہے۔ اس میں کولیسٹرول کی ایک مخصوص مقدار پائی جاتی ہے جو کہ دل کے مرض کا شکار افراد کیلئے انتہائی مفید ہے۔
4۔ قبض کشا:
اونٹنی کا دودھ قبض کشا بھی ہے اور اسکے استعمال سے قبض کا شکار افراد کو کافی فائدہ پہنچتا ہے. پرانے اور دائمی قبض کے شکار مریض اس سے شفایاب ہو جاتے ہیں۔
5۔ مردوں کے لیے اونٹنی کے دودھ کے فوائد:
یہ چھوٹے قد والے خواتین و حضرات کو قد بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ اور مردوں کے قوت باہ میں اضافہ کیلئے انتہائی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عربوں میں اونٹنی کا دودھ آج بھی بے حد مقبول اور رغبت سے استعمال کیا جاتا ہے۔
6۔ گائے کے دودھ کے مقابلے میں اونٹنی کے دودھ میں کون سے وٹامنز زیادہ ہیں؟
گائے کے دودھ کے مقابلے میں اونٹنی کے دودھ میں وٹامن سی تین گنا اور آئرن دس گناہ زیادہ ہوتا ہے۔ یہی نہیں اس میں میگنیشئم، میگنیز، زنک، پوٹاشیم، کاپر، سوڈیم، وٹامن بی اور Unsaturated فیٹی ایسڈز بھی گائے کے دودھ کے مقابلے میں زیادہ ہوتے ہیں۔
7۔ خواتین کے لیے اُونٹنی کے دودھ کے فوائد:
میڈیکل ریسرچ کے مطابق اونٹی کا دودھ حاملہ خواتین کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس سے بلڈ پریشر کنٹرول، خون کا گردشی نظام درست اور چکر وغیرہ آنے سے نجات رہتی ہے اس کے لیے اس میں متعدد کھانوں کے اجزا جیسے آئرن، وٹامن ہوتے ہیں، جو خواتین کے حمل کے دوران فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں۔
حمل کے دوران خواتین کو خون کی کمی کا سامنا ہوتا ہے اسی طرح جسم سے آئرن کی مقدار کم ہوجاتی ہے یہ دودھ اس کمی کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ حاملہ خواتین اگر ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق استعمال کریں تو زیادہ بہتر فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔
تحریر: مفتی نور حسین افضل
اسلامک اسکالر، ماہر تعلیم، مصنف، کالم نویس
صدر: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (مشرق وسطی)
صدر: کالمسٹ ایسوسی ایشن اف پاکستان (مشرق وسطی)