کویت اردو نیوز 12 دسمبر: پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے ایک حالیہ سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک کے 62 فیصد نوجوان ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔
اس سروے میں سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک چھوڑ کر جانے کی خواہش 15 سے 24 برس کی عمر کے نوجوانوں میں سب سے زیادہ نمایاں ہے۔
سروے کے مطابق معاشی صورتِ حال، کام کرنے کے یکساں مواقع اور عزت کا حصول ملک چھوڑ کر جانے کی خواہش کی وجوہات میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ صنفی مساوات اور بہتر تحفظ کی تلاش بھی ملک چھوڑنے کی خواہش کی اہم وجوہات ہیں۔
یہ تصور کہ بیرونِ ملک سفر کرنے سے عزت بڑھے گی ہر عمر کے لوگوں میں بہت واضح ہے۔ بڑی عمر کے افراد میں ملک چھوڑ کر جانے کی خواہش کی وجہ ان کے بیرونِ ممالک میں رہنے والے بچے ہیں۔
اگر ملک کے تمام خطوں، صوبوں اور خطوں کے رجحانات کا جائزہ لیا گیا تو ملک چھوڑنے کی خواہش کی کچھ بہت ہی دلچسپ وجوہات سامنے آئیں۔ معاشی صورتِ حال یعنی زیادہ تنخواہ تو ہر ایک کے لیے اہم ہے، لیکن سندھ اور بلوچستان کے زیادہ تر لوگ عزت کے حصول کے لیے ملک چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں زیادہ تر لوگوں نے ملک چھوڑ کر جانے کی خواہش کی وجہ صنفی مساوات بتائی۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے لوگوں کے پاس ملک چھوڑ کر جانے کی کئی وجوہات ہیں جن کا زیادہ تر تعلق بہتر اور اعلی تعلیم حاصل کرنے سے ہے۔