کویت اردو نیوز 07 فروری: پاکستان کے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو مکمل اعزاز کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
سابق صدر کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور اعلی سول و فوجی قیادت نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی نماز جنازہ کراچی کے گل مہر پولو گرانڈ ملیر کینٹ میں ادا کی گئی۔
سابق صدر سید پرویز مشرف کے جنازے میں بیٹے بلال مشرف سمیت چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، سابق جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل احسان الحق، سابق آرمی چیفس جنرل اسلم بیگ، جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل اشفاق پرویز کیانی، سابق وفاقی سیکریٹری سید انور محمود ،ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر خالد مقبول، مصطفی کمال، فاروق ستار، فروغ نسیم، امین الحق، فواد چوہدری، امیر مقام، عمران اسماعیل، سماجی شخصیت جاوید جبار، سابق چیئرمین ایف شبر زیدی اور دیگر نے شرکت کی۔
قبل ازیں سابق صدر کا جسد خاکی پرواز ایم ایل ایم 567 کے ذریعے پاکستان پہنچایا گیا۔ پرویز مشرف کے جسد خاکی کے ہمراہ اہلیہ، بیٹی اور بیٹا بھی وطن پہنچے۔
واضح رہے کہ سابق آرمی چیف آف پاکستان اور صدر مملکت سید پرویز مشرف طویل علالت کے بعد اتوار 5 فروری کی صبح دبئی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔ ملٹری پولیس کی بھاری نفری کے حصار میں ان کا تابوت کمبائنڈ ملٹری اسپتال ملیر کینٹ لے جایا گیا۔