کویت اردو نیوز، 24اپریل: بحرین سول ڈیفنس کی ٹیمیں ضلع حورا میں واقع ایک معروف مسجد کے باورچی خانے والے ملحقہ عقبی حصہ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئیں۔ آگ سے ایک شخص جھلس کر زخمی ہو گیا کیونکہ آگ مسجد کے اندر تک پھیل چکی تھی۔ زخمی شخص کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی بحرینی سول ڈیفنس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچ گئیں جہاں انہوں نے آگ پر کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا۔
آگ لگنے کے بعد کی تصاویر سے صاف نظر آرہا تھا کہ عمارت کھنڈرات میں بدل چکی تھی، جس میں جلی ہوئی باقیات اور سیاہ دھواں پورے ڈھانچے کو ڈھانپ رہا تھا۔
لگ رہا تھا کہ آگ پورے علاقے میں پھیل گئی ہے، تاہم نقصان کی حد کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ کچن میں پڑے گیس سلنڈر سے لیکیج بتائی گئی ہے جسکی تفتیش جاری ہے۔
وزارت داخلہ نے ٹویٹ کیا کہ ضروری قانونی اقدامات کرنے کے لیے بحرین سول ڈیفنس اور دیگر مجاز حکام مقام حادثہ پر موجود ہیں۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بتایا کہ جیسے ہی کنٹرول اینڈ کنٹرول روم کو مرکزی آپریشن روم سے واقعے کی اطلاع ملی ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جہاں تین میکنزم کے تحت بارہ افسران و اہلکاروں نے اس آپریشن میں حصہ لیکر آگ پر قابو پالیا، جس کے بعد آگ کو دوبارہ لگنے سے روکنے کے لیے کولنگ آپریشن شروع کیا گیا۔
اطلاعات کیمطابق آگ لگنے کی بنیادی وجہ کچن میں پڑے ایک سلنڈر سے گیس کا اخراج بتائی جا رہی ہے۔
بحرینی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس شہریوں اور رہائشیوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہمیشہ گیس کی تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنائیں، اور تمام حفاظتی آلات مثلا آگ بجھانے والے آلات، اسموک ڈیٹیکٹر، گیس سیفٹی والو اور فائر کمبل کی دستیابی اور ان کے استعمال کے بارے میں ہمیشہ آگاہ رہیں۔