کویت اردو نیوز، 26مئی: پشاور زلمی اور پاکستان کے کپتان ، دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک بابر اعظم زلمی ٹیلنٹ ہنٹ دیکھنے اور نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کے لیے گزشتہ روز پشاور پہنچ گئے جہاں وہ زلمی ٹیلنٹ کا فائنل میچ اور اختتامی تقریب میں شرکت کرینگے جو آج شام حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کے کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔
حیات آباد اسپورٹس کمپلیس پہنچنے پر بابر اعظم کا روایتی خیر مقدم کیا گیا اور انکو پگڑی (پشاوری کلہ) پہنایا گیا۔
تین روزہ ٹیلنٹ ہنٹ کے بعد پشاور زلمی نے ساٹھ کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا۔ بابر اعظم الیون، ڈیرن سیمی الیون، انضمام الحق الیون اور کامران اکمل الیون کے درمیان میچز کھیلے گئے۔
فائنل اور بہترین بیس کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے آج نمائشی میچ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائیگا جس میں زلمی ٹیلنٹ ہنٹ کے نوجوان کرکٹرز ان ایکشن ہوں گے۔
پشاور کے فینز کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں بابر اعظم نے کہا کہ ماضی میں ڈومیسٹک میچز میں بھی پشاور کے فینز گراونڈ کا رخ کرتے رہے ہیں۔
امید ہے فینز آج کا میچ دیکھنے ضرور حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کا رخ کریں گے۔
میچ شام چار بجے کھیلا جائیگا۔