کویت اردو نیوز،28جون:نانجنگ یونیورسٹی آف انفارمیشن سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUIST) پاکستانی طلباء کو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی نظم و نسق میں مکمل طور پر فنڈڈ وظائف کی پیشکش کر رہی ہے۔
نانجنگ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ٹونگ جیانگ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپس کا مقصد موسمیاتی بحران سے نمٹنے میں تحقیقی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔
نانجنگ یونیورسٹی نے NUST کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں اور پاکستان کی دیگر یونیورسٹیوں جیسے کہ قائداعظم یونیورسٹی، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اور پاکستان کے محکمہ موسمیات کے ساتھ تحقیقی تعاون کو بڑھا رہا ہے۔
پاکستان میں اس منصوبے کا فوکس پانی کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی کے نکات کو حل کرنا ہے۔ پروفیسر جیانگ نے ملک میں شدید سیلاب، بلند درجہ حرارت اور خشک سالی کے اثرات پر روشنی ڈالی۔
اس تحقیق کا مقصد پاکستان کی زرعی معیشت میں پانی کے اہم کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے ان چیلنجز پر قابو پانا اور پانی کی کمی کو کم کرنا ہے۔
فضائی آلودگی اور سموگ کے مسائل کے بارے میں، پروفیسر جیانگ نے صنعتی اخراج، گاڑیوں کے اخراج، گھریلو اخراج، تعمیرات سے متعلق دھول کے اخراج، اینٹوں کے بھٹوں سے دھواں، اور زرعی فضلے کو جلانے کی بڑی وجوہات کی نشاندہی کی۔
تجویز کردہ حل میں صنعتوں کو شہروں سے دور منتقل کرنا، قابل تجدید توانائی کی طرف منتقلی، عوامی نقل و حمل کو بہتر بنانا، درختوں کی شجرکاری میں اضافہ، اور شہری علاقوں میں مویشیوں اور فضلے کا بہتر انتظام شامل ہیں۔