کویت اردو نیوز،3جولائی: حج بیت اللہ کی ادائیگی کے دوران میاں بیوی سمیت وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے 4 حجاج کرام جاں بحق ہو گئے۔
سرینگر کے مضافاتی علاقے خالد کالونی صورہ سے تعلق رکھنے والے محمد سلطان کوچھے اور انکی اہلیہ مالہ بیگم مناسک حج کی ادائیگی کے دوران فوت ہوئے۔
محمد سلطان کوچھے کے پوتے فرقان احمد نے بتایا کہ جمرات مکہ میں شیطان کو کنکریاں مارنے (رمی) کے بعد دونوں میاں بیوی محمد سلطان کوچھے اور مالہ بیگم کو کچھ تھکاوٹ محسوس ہوئی اور انہوں نے اپنے بیٹے اور بہو کو کسی جگہ پر آرام کرنے کیلئے کہا۔
انہوں نے کہا کہ جب دونوں نے ایک جگہ آرام کیا، تو اسی اثناء میں دونوں میاں بیوی کی روح پرواز کرگئی۔ فرقان نے بتایا کہ انکے والد عبد الحمید اور والدہ بھی حج پر ہیں اور انہوں نے ہفتہ کو سری نگر میں اہل خانہ کو یہ اطلاع دی۔
اس دوران سرینگر کے مضافاتی علاقے ہل ویو کالونی راولپورہ سے تعلق رکھنے والے جاوید احمد کاوسئہ ولد غلام مصطفی بھی مکہ میں جان کی بازی ہار گئے ۔
اہل خانہ کے مطابق جاوید احمد کاوسه دو روز قبل ارکان حج کی ادائیگی کے بعد سرزمین مقدس میں لاپتہ ہوگئے تھے اور بعد میں انکی نعش برآمد ہوئی۔
موصوف کو وہیں پر سپرد لحد کیا گیا۔ وہ 20 جون کو سرینگر سے حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ اس دوران صفا پورہ گاندربل سے ملحقہ علاقہ وانی پورہ کے 67 سالہ جلال الدین ولی بابا ولد ولی محمد بھی سر زمین مقدس میں ہی موت کی آغوش میں سو گئے۔
اہل خانہ کے مطابق جلال الدین وانی 17 جون کو حج ادا کرنے کیلئے روانہ ہوئے تھے اور جمعرات کو سعودی عرب میں مناسک حج مکمل کرتے ہوئے فوت ہو گئے۔
مرحوم کے رشتہ داروں نے بتایا کہ جلال الدین کی موت کی خبر انہیں عین اس وقت ملی جب وہ وادی میں عید الضحی منانے میں مصروف تھے۔