کویت اردو نیوز : دبئی پولیس نے 30 منٹ میں سیاح کو کھوئے ہوئے 76 ہزار درہم واپس دلوا دئیے ۔
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے صرف 30 منٹ میں ایک عرب سیاح کی گمشدہ رقم کو ڈھونڈ کر اس تک پہنچا دیا۔
نئے سال کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والا ایک سیاح ٹیکسی میں 76 ہزار درہم مالیت کی کرنسی بھول گیا۔
ایمریٹس الیوم کے مطابق، دبئی پولیس کے ٹورسٹ سروسز ڈپارٹمنٹ کو اطلاع ملی کہ ایک سیاح جو نئے سال کی تقریبات میں شرکت کے لیے آیا تھا، ٹیکسی میں پیسوں کا بیگ چھوڑ گیا ہے۔
دبئی پولیس کے ڈائریکٹر کرنل جمال سالم الجلاف نے کہا کہ جیسے ہی نئے سال کا جشن ختم ہوا، رات دو بجے انہیں ایک سیاح نے اطلاع دی کہ وہ ٹیکسی میں پیسوں کا ایک بیگ چھوڑ گیا ہے جس میں 17 ہزار ڈالر اور 14 ہزار درہم تھے.
سیاح نے کہا، "اس نے ہوائی اڈے سے ایک ایپ ٹیکسی بک کرائی تھی اور ہوٹل پہنچنے کے بعد، وہ نئے سال کی تقریب دیکھنے کے لیے تقریب کے مقام پر گیا جہاں اسے معلوم ہوا کہ منی بیگ اس کے پاس نہیں ہے۔”
دبئی پولیس کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ‘اطلاع ملتے ہی خصوصی ٹیموں نے اس ٹیکسی کا سراغ لگایا جس کے ذریعے سیاح ہوٹل پہنچا’۔
پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور کو رقم پولیس اسٹیشن پہنچانے کو کہا۔ اس سارے وقت میں 30 منٹ سے زیادہ وقت نہیں لگا اور رقم فوری طور پر سیاح کے پاس پہنچ گئی۔