کویت اردو نیوز،5اگست: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اسکواش کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے حمزہ خان کو 1 کروڑ روپے کا چیک دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن حمزہ خان نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حمزہ خان کو ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئین شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے حکومت پاکستان کی طرف سے ایک کروڑ روپے کا انعامی چیک بھی دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حمزہ خان جیسے باصلاحیت نوجوان ہماری قوم کا فخر اور قومی سرمایہ ہیں۔
حمزہ خان نے پاکستان کو دہائیوں کے بعد اسکواش کا بڑا ٹائٹل جتوا کر مجھ سمیت پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حمزہ خان جلد اپنی محنت اور لگن سے اسکواش کا سینیئر عالمی ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیں گے۔
ہماری ہمیشہ سے نوجوانوں کو کھیلوں کی بین الاقوامی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران حمزہ خان نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے تعاون کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر حمزہ خان کے والدین بھی تقریب میں شریک تھے۔