کویت اردو نیوز،22 اگست: نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد اور سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق کے درمیان گزشتہ روز ایک اہم ملاقات ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وز مذہبی امور انیق احمد کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں کیے گئے معاہدوں کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔
سعودی وزیر کا دورہ شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت کا عکاس ہے، سعودی حکومت حج اور عمرہ زائرین کو جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
پاکستان میں عمرہ زائرین کی تعداد دنیا میں پہلے نمبر پر ہے، روڈ ٹو مکہ منصوبہ پاکستانی عازمین حج کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں پر روڈ ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں، پاکستانی حاجیوں کو منیٰ اور عرفات میں مزید سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔
حرم کی توسیع کے باعث پاکستانی ہاؤس کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جائے گی، جبکہ 65 سال سے زائد عمر کے پاکستانی زائرین کو بائیو میٹرک سے استثنیٰ دیا جانا چاہیے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دورے کے دوران پاکستانی عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت حج کے اخراجات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے ویزے کی مدت 90 دن تک ہوگی۔ عمرہ کے علاوہ سعودی عرب کے دیگر تاریخی مقامات کی سیر بھی ویزے پر کی جا سکتی ہے۔
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مزید 100 نئے مقامات کھولے جائیں گے، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی وزارت مذہبی امور مل کر ہمارے ساتھ کام کرے گی۔
معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا۔