کویت اردو نیوز : سعودی محکمہ ٹریفک نے موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کے لیے 5 مفید ٹپس جاری کی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ‘ایکس اکاؤنٹ’ پر کہا ہے کہ موٹر سائیکل سوار پانچ چیزوں کا خیال رکھیں۔
•موٹرسائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال کریں اور حفاظتی تقاضوں کا خیال رکھیں۔
•اس بات کو یقینی بنائیں کہ نمبر پلیٹ مقررہ جگہ پر نصب ہے۔
•ایک مقررہ ٹریک پر سفر کریں، ٹریک کی اچانک تبدیلیوں سے گریز کریں۔
•رفتار کی حد پر عمل کریں۔
•موٹر سائیکل کو محفوظ فاصلہ رکھتے ہوئے چلائیں۔
اس سے قبل ٹریفک پولیس نے شاہراہوں پر چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ٹرالر یا بڑی گاڑیوں کو اوور ٹیک کرتے وقت احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
ٹریفک اتھارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا تھا کہ ٹریفک قوانین کا مقصد لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔
ہائی ویز یا شہر میں بڑے ٹرکوں اور ٹرالر سمیت ہیوی ڈیوٹی گاڑیوں کو اوور ٹیک کرتے وقت 4 احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تاکہ کسی بھی قسم کی ناگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک انفوگرافک میں ان معاملات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چھوٹی گاڑی کا ڈرائیور جب بھی کسی ہیوی ڈیوٹی گاڑی کے پاس سے گزرے تو گاڑی اور ٹرالر کے درمیان مناسب فاصلہ یقینی بنائے۔
ہائی وے ٹرک یا ٹرالر کو اوور ٹیک کرتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ پیچھے کوئی گاڑی نہ آ رہی ہو۔
سنگل ٹریک روڈ ہونے کی صورت میں ٹرک کو اوور ٹیک کرنے سے پہلے سامنے سے آنے والی گاڑی سے ہوشیار رہیں، جب تک سامنے سے آنے والی گاڑی گزر نہ جائے تب تک اوور ٹیک نہ کریں۔
ٹرک یا بھاری گاڑی کو اوور ٹیک کرنے سے پہلے سگنل دیں تاکہ ٹرک ڈرائیور ہوشیار رہے۔ اوور ٹیک کرتے وقت بڑی گاڑی (سائیڈ) کے درمیان زیادہ فاصلہ رکھیں۔
ٹرک کو کراس کرنے کے بعد فوراً اپنی گاڑی کو اس کے سامنے نہ لائیں بلکہ کچھ دور جانے کے بعد گاڑی کو اپنے ٹریک پر لے آئیں۔
واضح رہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے وقتاً فوقتاً لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے، جس کا مقصد حادثات کو روکنا اور لوگوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔