کویت اردو نیوز،7ستمبر: بھارت کے اسکول میں بچوں کے جھگڑا کرنے پر ٹیچر نے 2 مسلمان طالب علموں سے پاکستان جانے کا کہہ دیا۔
بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک اسکول میں پڑھنے والے بچوں کے والدین کی جانب سے ٹیچر کے خلاف محکمہ تعلیم کو شکایت درج کروا دی گئی ہے
میڈیا کے مطابق پانچویں کلاس کے دو مسلمان طالب علم آپس میں جھگڑ رہے تھے، جس پر ٹیچر کو غصہ آگیا تھا۔
اس پر کنڑ زبان کی استاد نے مداخلت کی اور مبینہ طور پر طالب علموں سے کہا کہ پاکستان چلے جاؤ، یہ ہندوؤں کا ملک ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کرناٹک کے شیوموگا ضلع میں واقع ایک اسکول میں پیش آیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے افسر نے کہا کہ واقعے کے بعد ہم نے ٹیچر کا دوسرے اسکول میں تبادلہ کردیا ہے، جبکہ ٹیچر کے خلاف ادارہ جاتی تحقیقات شروع کردی گئی ہے، رپورٹ سامنے آنے کے بعد اس کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔
بچوں کو پاکستان جانے کا مشورہ دینے والی خاتون ٹیچر پچھلے 8 سال سے اس اسکول میں پڑھا رہی ہیں، اور گزشتہ 26 سال سے وہ شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں۔