کویت اردو نیوز : بھارتی شہر ممبئی میں والدین نے منشیات خریدنے کے لیے اپنے دو بچوں کو 74 ہزار روپے میں فروخت کر دیا۔
ایشین نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کرائم برانچ اندھیری میں میاں بیوی سمیت تین افراد کو گرفتار کیا، جن پر اپنے بچوں کو منشیات خریدنے کے لیے فروخت کرنے کا الزام ہے۔
آپریشن کے دوران پولیس نے ایک ماہ کی بچی کو بھی بازیاب کرالیا ہے تاہم دو سالہ بچے کی تلاش جاری ہے۔ کرائم برانچ کی ٹیم نے شبیر اور ثانیہ خان نامی جوڑے کے ساتھ شکیل مکرانی اور اوشا راٹھور نامی ایجنٹ کو گرفتار کیا جس نے بچوں کی فروخت میں کمیشن لیا تھا۔
ممبئی کرائم برانچ کے اہلکار دیا نائک نے کہا ہے کہ اندھیری میں ایک منشیات کے عادی جوڑے نے منشیات خریدنے کے لیے اپنے دو بچوں کو فروخت کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی جوڑے کے گھر والوں کو اس بات کا علم ہوا تو معاملہ گھر سے باہر چلا گیا، پولیس نے والدین اور دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
کرائم برانچ کا کہنا ہے کہ میاں بیوی نشے کے عادی تھے اور اس کے بغیر نہیں رہ سکتے تھے اور اسی دوران راٹھور نامی ملزم نے ان سے رابطہ کیا۔ جن افراد کو انہوں نے اپنا بیٹا بیچا ان کی شناخت ابھی باقی ہے۔ جب کہ اس نے اپنی بیٹی شکیل مکرانی نامی شخص کو 14 ہزار روپے میں فروخت کردی۔
مرکزی ملزم شبیر کی بہن روبینہ کو جب اس کا علم ہوا تو اس نے اپنے بھائی اور بھابھی کے خلاف تھانے میں شکایت درج کرائی جس کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا۔