کویت اردو نیوز : فلسطینی صحافی معتز عزیزہ کے انسٹاگرام پر 17.3 ملین فالوورز ہیں جب کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے 17.2 ملین فالوورز ہیں۔
فلسطینیوں پر صہیونی ریاست کے ظالمانہ مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنے کے لیے غزہ میں اسرائیلی بمباری کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈالنے والے صحافی معتز نے انسٹاگرام پر مقبولیت میں امریکی صدر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
فلسطینی صحافی معتز عزیزہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر امریکی صدر کے مقابلے میں اپنے فالوورز کی تعداد کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں بائیڈن کے 17.2 ملین کے مقابلے میں صحافی کے 17.3 ملین فالوورز کو دکھایا گیا ہے۔
7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں 68 صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں 61 فلسطینی، 4 اسرائیلی اور 3 لبنانی شامل ہیں۔
اسی طرح زخمی صحافیوں کی تعداد 15 ہے اور 20 صحافی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں جبکہ 3 لاپتہ ہیں۔
غزہ میں اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں سے نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ چار بڑے ہسپتال مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور زخمیوں کا علاج نہ ہونے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔