کویت اردو نیوز : ( پاکستان) پنجاب بھر میں شادی بیاہ کی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے بھر میں شادی کی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار پر پابندی عائد کی ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر کے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کر دیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج رات سے ہی شادی کی تقریبات کو خصوصی طور پر چیک کیا جائے گا ، ون ڈش اور اوقات کار کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ شادی ہالز کے ساتھ ساتھ فارم ہاؤسز کو بھی چیک کیا جائے اور خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے، ون ڈش یا اوقات کار کی پابندی نہ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔
دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی چوبرجی سٹاف کالونی پہنچے، سرکاری ملازمین کی رہائش کے لیے کثیر المنزلہ ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا، اور سرکاری ملازمین کے لیے کثیر المنزلہ 4 اپارٹمنٹ ٹاور اور 6 اپارٹمنٹس بنانے کا فیصلہ کیا۔
نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چوبرجی میں سرکاری ملازمین کے لیے کثیر المنزلہ 4 اپارٹمنٹ ٹاورز کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 5 منزلہ ٹاور میں گریڈ 11 سے گریڈ 14 تک کے ملازمین کے لیے رہائش گاہیں، ٹاور کے لیے ٹیوب ویل چیمبر اور جنریٹر روم بنائے جائیں گے۔ . زیر زمین پانی کی ٹینک بھی بنائی جائے گی، لفٹ بھی لگائی جائے گی، ہر ٹاور میں 30 کاروں اور 40 موٹر سائیکلوں کی پارکنگ ہوگی، ٹاور کی ہر منزل پر 6 اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے۔