کویت اردو نیوز : سعودی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نجی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی سواریاں اٹھانے پر ان پر 5 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پرائیویٹ کار مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ آن لائن ٹیکسی سروس کمپنیوں کے ساتھ خود کو رجسٹر کرائیں تاکہ کمپنی کی جانب سے دی جانے والی سہولیات اور فوائد سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
اتھارٹی نے کہا کہ لوگوں کو محفوظ نقل و حمل فراہم کرنے کے لیے ضوابط وضع کیے گئے تھے۔ ٹیکسی کمپنیاں ہیں جو باقاعدہ پرمٹ جاری کرتی ہیں۔
اتھارٹی نے لائسنس یافتہ ٹیکسی کمپنیوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ قائم کردہ کنٹرولز پر عمل کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مسافروں کوہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ ٹیکسی سروس میں ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کیجائے۔
اتھارٹی نے وزارت داخلہ، ضیوف رحمان سروس پروگرام، ایئرپورٹس کمپنی اور پبلک پراسیکیوشن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تعاون سے "خلاف ورزیوں کے ساتھ سواری نہ کریں” کے عنوان سے ایک محفوظ نقل و حمل کی مہم شروع کی ہے ۔
مہم کا مقصد غیر قانونی ٹیکسی سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنا اور ٹرانسپورٹیشن سروس سے وابستہ افراد اور تنظیموں کو قواعد و ضوابط کی پابندی کرنا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں پرائیویٹ کاروں کو بطور ٹیکسی استعمال کرنا غیر قانونی ہے۔ ہوائی اڈوں سے مسافروں کو لے جانے کے وقت خاص طور پر سخت اقدامات کیے جاتے ہیں۔