کویت اردو نیوز : مسجد الحرام مکہ مکرمہ کو دن میں دس بار صاف کیا جاتا ہے اور وہ بھی 20 منٹ میں۔ مسجد الحرام کے زیر انتظام محکمہ صفائی کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں زائرین کی موجودگی کے باوجود صفائی کا کام 15 سے 20 منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔
صفائی کے کام میں ماحول دوست مصنوعات استعمال کی جاتی ہیں۔ آغاز کعبہ کی چوکھٹ (ملتزم) سے ہوتا ہے جبکہ مطاف کو دھونے کا آغاز طواف کرنے والوں کی طرف ہوتا ہے۔
حجر اسمٰعیل اور شادروان کی صفائی ہوتی ہے۔ حجر اسود کوخوشبودار کیاجاتاہے۔ رکان یمانی کو گیلے کپڑے سے صاف کیا جاتا ہے اور پھر عطر لگایا جاتا ہے۔ مقام ابراہیم کو بھی دھویا جاتا ہے۔ صفائی مکمل ہونے کے بعد، مسجد الحرام کے فرش کو خشک کر کے خوشبو لگا دی جاتی ہے۔
صفائی ملازمین کی پوری کوشش ہوتی ہے کہ زائرین کرام کی زیارت اور عبادت میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ یہ تمام کام تربیت یافتہ سعودی اہلکاروں کی نگرانی میں ہوتا ہے۔