کویت اردو نیوز 30 مارچ: عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے 39 تارکین وطن کو ملکی شہریت دینے کا شاہی فرمان جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 39 غیرملکیوں کو سلطنت عمان کی شہریت دے دی گئی جس کے بعد رواں سال عمانی شہریت حاصل کرنے والے تارکین وطن کی کُل تعداد 196 ہوگئی ہے۔
سلطان عمان نے اتوار کے روز شہریت سے متعلق شاہی فرمان جاری کیا۔ رواں سال فروری میں 157 افراد کو عمانی شہریت دی گئی تھی جن کی مجموعی تعداد 196 ہوگئی ہے۔ عمان کا شہری بننے کے لیے مخصوص قوائد وضوابط اور اصول طے ہیں جن پر عمل کرنے والے ہی عمانی شہریت کے اہل ہوسکتے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اگر کوئی غیرملکی شہریت چاہتا ہے تو اسے "سٹیزن شپ” کے حصول کے لئے درخواست دائر کرنا ہوگی جس کی فیس 600 عمانی ریال مقرر ہے جبکہ اس کے برعکس شادی شدہ جوڑے کو درخواست کے لیے 300 ریال ادا کرنے ہوں گے۔
درخواست گزار کو یہ بھی ثابت کرنا ہوگا کہ وہ عمان کا رہائشی ہے اور عمان میں ہی ملازمت کرتا ہے جبکہ میڈیکل سرٹیفکیٹ اور پولیس کلیرنس کی بھی شرط رکھی گئی ہے۔ امیدوار کو درخواست عربی زبان میں لکھ کر دائر کرنا ہوگی جبکہ انٹرویو بھی عربی زبان میں لیا جاسکتا ہے۔