کویت اردو نیوز: سعودی ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کے اونر شپ کارڈ کے کئی فائدے ہیں جن سے ہر ایک کو آگاہ ہونا چاہیے۔
ٹریفک پولیس نے ڈیجیٹل لائسنس کے بارے میں کہا ہے کہ ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس اور وہیکل اونر شپ کارڈ (Istamare) کی جلد اور درست طریقے سے تصدیق ہو جاتی ہے۔
موبائل فون پر ڈیجیٹل لائسنس ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اسے آف لائن رہتے ہوئے بھی کھولا جا سکتا ہے، اس کے لیے انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں ہے۔
ڈیجیٹل لائسنس کے بارے میں تمام تفصیلات فوری طور پر QR کوڈ کے ذریعے سکین کی جا سکتی ہیں اور ڈیجیٹل لائسنس پر ایکسپائری کی تاریخ بھی درج ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں زیادہ تر لین دین ڈیجیٹل طریقے سے ہو رہا ہے جس میں غیر ملکیوں کی رہائش گاہیں اور سعودی شہریوں کے قومی شناختی کارڈز کو بھی ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے اونر شپ کارڈ کے لیے بھی مذکورہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اقامہ کارڈ کی طرح باسانی ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس بھی سعودی ٹریفک پولیس پورٹل کے ذریعے ابشر اکاؤنٹ پر ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
ڈیجیٹل لائسنس یا اقامہ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس کے ضائع ہونے یا تباہ ہونے کا کوئی اندیشہ نہیں ہے، جب کہ کارڈ پر مبنی اقامہ یا لائسنس ضائع ہونے کی صورت میں دوبارہ فیس ادا کر کے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔