کویت اردو نیوز 12 مئی: سعودی عرب فیصل مسجد اسلام آباد کی طرح بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں 80 کنال پر محیط مسجد سلمان بن عبدالعزیز تعمیر کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ طاہر اشرفی نے لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ’سعودی عرب فیصل مسجد کی طرز پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے اندر 12 ہزار نمازیوں کی گنجائش پر مبنی 80 کنال پر مسجد تعمیر کرے گا جس میں دس ہزار مرد جبکہ دو ہزار خواتین کے لیے نماز پڑھنے کی گنجائش ہوگی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس مسجد میں جدید اسلامی تحقیقاتی مرکز بنیں گے جن میں جدید علوم پر ریسرچ ہو گی اور اس سے طلبا مستفید ہوں گے نیز اس سے پاک سعودی تعلقات میں بہتر پیش رفت ہوگی۔‘ انہوں نے کہا کہ ” اسلامی یونیورسٹی کے طلبا و طالبات اور مسلمانان پاکستان کے لیے تحفہ ہے اور ہم اس تحفے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا اور خیر مقدم کرتے ہیں۔‘
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ ’اسلام آباد میں جدید طرز تعمیر کی شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود مسجد، اسلام اور مسلمانوں کی خدمت میں خادم حرمين شريفين سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے تحفہ ہے۔‘