کویت اردو نیوز 30 مئی: پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور میڈیا کے مطابق پاکستانیوں کے لیے زبردست خوشخبری ہے کہ 10سال بعد پاکستانی شہریوں کے لئے کویت کا ویزا بحال کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویزا بحالی کا فیصلہ وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات میں کیا گیا۔ کویت کے وزیر داخلہ اور پاکستانی سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں پاک کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کےامور پر گفتگو کی گئی جب کہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیراعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی۔ وزیر داخلہ نے کویتی وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ پیش کیا۔ کویتی وزیر اعظم اور وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ 2011 سے بند پاکستانی شہریوں کیلئے کویتی ویزا کی بحالی پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور 10 سال بعد پاکستانیوں کے لیے ویزہ بحال کیا جارہا ہے۔
پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ سامنے آیا ہے۔
فیصلوں کے مطابق میڈیکل اور آئیل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر اب کویت آسکیں گے۔ کویتی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات 7دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان اور کویت کی عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور کویت میں تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اورمحبت ہے تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی فیملیز، کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سےمسائل درپیش تھے، پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے ورکرز ویزا بحال ہونے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں میں تجارت بڑھے گی۔