کویت اردو نیوز 07 جولائی: سلطنت عمان نے عید الاضحٰی کی نماز کا اہتمام نہ کرنے اور عید کے تینوں دن افراد اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان نے گذشتہ روز منگل کو جولائی کے آخر تک کاروباری سرگرمیوں کو شام میں بند کرنے کی مزید توسیع کر دی ہے جبکہ عید الاضحٰی کے تینوں دن 10 ، 11اور 12 ذوالحجہ کو افراد اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عید الاضحٰی کی نماز اور روایتی بکرا منڈیوں کا انعقاد نہ کرنے اور سلطنت کے تمام گورنریٹ میں مختلف مقامات پر ہر طرح کے اجتماعات بشمول خاندانی اجتماعات ، مبارکباد کے اجتماعات اور عید کی اجتماعی تقریبات کو روکنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ سلطنت عمان نے تجارتی سرگرمیوں کو شام میں بند کرنے اور افراد و گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی کو شام
پانچ بجے سے صبح چار بجے تک عائد کیا ہے جس کا اطلاق جمعہ 16 جولائی 2021 کی شام سے شروع ہو گا اور 31 جولائی 2021 بروز ہفتہ کی صبح تک جاری رہے گا جبکہ عیدالاضحٰی کے تین دن (10 سے 12 ذی الحجہ 1442 ہجری تک) سپریم کمیٹی نے تجارتی سرگرمیاں بند رکھنے اور دن بھر افراد اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب اسپتالوں میں کورونا متاثرین اور مریضوں کی بہت کم تعداد کی وجہ سے "مسندم گورنریٹ” کو تجارتی سرگرمیاں بند کرنے اور افراد و گاڑیوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے فیصلے سے استثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ گورنریٹ کے تمام باشندوں کی جانب سے کی جانے والی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے جیسے ماسک پہننا اور اجتماعات کی روک تھام کرنے کے عزم پر زور دیا گیا ہے اور صرف ان لوگوں کو جو ملک میں منظور شدہ ویکسین کی کم از کم ایک خوراک وصول کر چکے ہیں کو مسندم گورنریٹ میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔ فیصلے کا اطلاق سلطنت میں منظور شدہ ویکسین لینے والے (18 سال یا اس سے زیادہ عمر والوں کے لئے) شہریوں و رہائشیوں اور سلطنت کے باہر سے آنے والے ان افراد کے لئے 9 جولائی 2021 بروز جمعہ شام 05 بجے سے آئندہ اطلاع تک ہو گا جنہوں نے منظور شدہ ویکسین کی دو خوراکیں وصول کیں ہیں۔ اس کے علاوہ
عمان نے مصر کو ان ممالک کی فہرست سے ہٹا دیا جہاں سے آنے والوں کو سلطنت عمان میں داخلے سے منع کیا گیا ہے جبکہ سنگاپور ، انڈونیشیا ، عراق ، ایران ، تیونس ، لیبیا ، ارجنٹائن اور جمہوریہ کولمبیا برونائی دارالسلام اور ایسے افراد جو کسی دوسرے ملک سے آ رہے ہیں اور 14 دن کے دوران بیان کئے گئے ان ممالک میں سے کسی سے گزر چکے ہیں کو سلطنت عمان میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہ فیصلہ 9 جولائی 2021 بروز جمعہ شام پانچ بجے سے مزید اطلاع تک لاگو ہوگا۔ سپریم کمیٹی نے سلطنت کے شہریوں سے اس عرصے کے دوران مذکورہ ممالک کا دورہ نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔