کویت اردو نیوز 10 نومبر: ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی جانب سے دیا جانے والا 167 رنز کا ہدف 19 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس سے قبل انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔ معین علی نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، لیام لیونگ اسٹن 17 رنز بنا کر جمی نیشم کو وکٹ دے بیٹھے۔ اوپنر جوز بٹلر 29 رنز بنا کر ایش سودھی کا نشانہ بنے، جونی بریسٹو 13 رنز پر ایڈم ملنے کو وکٹ دے بیٹھے، ڈیوڈ ملان نے 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے
ایڈم ملنے، ٹم ساؤتھی اور ایش سودھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ نیوزی لینڈ نے وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں کی البتہ انجریز کی شکار انگلینڈ ٹیم میں تبدیلیاں کی گئی ہیں انجرڈ جیسن روئےکی جگہ سیم بلنگز انگلش ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کا یہ پہلا موقع ہے کہ وہ ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچ پائی تاہم نیوزی لینڈ کو ٹی20 کا ورلڈ کپ حاصل کرنے کے لیے پاکستان یا آسٹریلیا کے ساتھ مقابلہ کرنا ہو گا۔