کویت اردو نیوز : ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان فائنل سے قبل اختتامی تقریب کے لیے فنکاروں کی فہرست کا اعلان کر دیا ہے۔
اتوار کو نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ سے قبل میگا ایونٹ کے آفیشل براڈ کاسٹر نے قبل ازیں ایک ٹویٹ میں اشارہ دیا تھا کہ بالی ووڈ اداکارہ دعا لیپا اختتامی تقریب میں پرفارم کر سکتی ہیں تاہم بھارتی بورڈ نے ان کا نام ہٹا دیا ہے۔
ورلڈ کپ کی اختتامی تقریب کو 4 مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، پہلی تقریب میں بھارتی فضائیہ کی سوریا کرن ایروبیٹک ٹیم ایئر شو کرے گی جس کے بعد ٹاس ہوگا۔
پہلی اننگز کے وقفے میں کوک اسٹوڈیو انڈیا کے وائرل گانے کی آدتیہ گدھوی کی پرفارمنس دکھائی جائے گی۔ اننگز کے وقفے میں ایک طویل پروگرام ہوگا جس میں موسیقار پریتم چکرورتی، گلوکارہ جنیتا گاندھی، امیت مشرا، آکاشا سنگھ ،نقاش عزیز اور تشار جوشی پرفارم کریں گے، جب کہ دوسری اننگز کے وقفے کے دوران اسٹیڈیم میں لیزر اور لائٹ شو کا انعقاد کیا جائے گا۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نریندر مودی اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانی یا ان کے نائب فائنل دیکھنے کے لیے سٹیڈیم آئیں گے ۔
دوسری جانب ورلڈ کپ 2023 کے فائنل سے ایک روز قبل بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے تمام ٹیموں کے سابق کپتانوں کو مدعو کیا ہے ، تاہم 1992ء میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سابق وزیر اعظم عمران خان نے ذاتی وجوہات کی وجہ سے شرکت سے انکار کر دیا ہے۔